نئی دہلی، 9؍جون (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس نائب صدر راہل کے بعد پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے مندسور میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ پر تباہی مچانے اور کسانوں پر گولیاں برسانے کا الزام عائد کیا ہے۔چدمبرم نے اس سلسلے میں گئی ٹوئٹ کرکے کہا کہ مدھیہ پردیش کی حکومت کیوں جھوٹ بول رہی ہے کہ پولیس نے کسانوں پر گولیاں نہیں چلائی؟ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی نے تباہی مچانے کا الزام لگایا اور کسانوں کے ساتھ بات چیت کی حمایت کی وکالت کی۔چدمبرم نے راہل گاندھی کے جمعرات کے مندسور دورے کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ کس کی پولیس نے تباہی مچائی؟ کسانوں کے ساتھ بات چیت سے کس نے انکار کیا؟ اپوزیشن کے لیڈروں کی طرف سے پولیس کی فائرنگ میں مارے گئے کسانوں کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے میں کیا پریشانی ہے؟ کیا بی جے پی کے لیڈروں نے اس طرح کے کام نہیں کئے ہیں؟قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی پولیس فائرنگ میں ہلاک ہوئے کسانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنے کے لیے جمعرات کو ان سے ملنے مندسور گئے تھے، لیکن کسانوں سے ملاقات سے پہلے ہی انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔راہل گاندھی نے اس سے پہلے مندسور سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کسانوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔